’کیوی ٹیم کا دورہ منسوخ ہونے پر پاکستان کے تنہا ہونے کی باتیں کرنے والے عقل کے اندھے ہیں‘

Shiekh-Rasheed.png

وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر پاکستان کے تنہا ہونے کی باتیں کرنے والے عقل کے اندھے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے خلاف کوئی موقع نہیں چھوڑتا لیکن پاکستان کو تنہا اور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، وہ دن آئے گا جب تمام انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔

شیخ رشید کا ایک بار پھر کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی اتنی فوج نہیں جتنی ہم نے ان کی ٹیم کو سکیورٹی دی تھی، ہم نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ہر طرح کی سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر پاکستان کے تنہا ہونے کی باتیں کرنے والے عقل کے اندھے ہیں، ہم زندہ قوم ہیں، ہمیں تنہا اور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

افغانستان کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا پاکستان نے 10 ہزار سے زیادہ افراد کو افغانستان سے نکالنے میں تعاون کیا جبکہ بھارت کو افغانستان کے حوالے سے سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان میں افغان مہاجر کیمپ کا پروپیگنڈا کیا لیکن ہم نے بین الاقوامی میڈیا کو دکھایا کہ یہاں کوئی مہاجر کیمپ نہیں ہے، پاکستان نے افغانستان زیادہ لوگ جا رہے ہیں جبکہ کم لوگ ادھر آ رہے ہیں۔

شیئر کریں

Top