وفاقی کابینہ میں ردوبدل اپوزیشن جلسوں کا شوق پورا کرلے حکومت کو فرق نہیں پڑیگا: شیخ رشید

sheikh-rasheed-750x369-750x369-1.jpg

ملکی سرحدوں سے نہیں اندر سے خطرہ ہے، مجھے کوئی ٹاسک نہیں ملا، اپنی ذمہ داریوں کاپتہ ہے، عمران خان کو اللہ نے عزت دی وہ مینار پاکستان سے اوپر گئے اپوزیشن نیچے جائیگی
ملک میں قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے، غیر ملکی فنڈنگ کی جارہی ہے ، ملک میں اندر سے انتشار پھیلایا جائے، پی ڈی ایم چوں چوں کا مربہ ہے،پریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی این پی)نئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملکی سرحدوں پر سے کسی قسم کاخطرہ نہیں بلکہ اندر سے خطرہ ہے، مجھے کوئی ٹاسک نہیں ملا، اپنی ذمہ داریوں کا پتا ہے، عمران خان کو اللہ نے عزت دی وہ مینار پاکستان سے اوپر گئے اپوزیشن مینار پاکستان سے نیچے جائے گی، ملک میں قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے،ملک میں غیر ملکی فنڈنگ کی جارہی ہے تاکہ ملک میں اندر سے انتشار پھیلایا جائے، پی ڈی ایم چوں چوں کا مربہ ہے اور یہ اسی طرح کی سیاست کرتے رہے تو عمران خان اگلے انتخابات بھی جیتیں گے، حکومت نواز شریف کو واپس لانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔جمعہ کواسلام آباد میں بطور وزیر داخلہ اپنی پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ان کو لگتا ہے کہ جلسوں سے کچھ ہوگا عمران خان کہیں نہیں جارہے، یہ سیاستدان گلی گلی، کوچے کوچے جارہے ہیں، اقتدار کے بھوکے لوگ اتوار بازار لگانے جا رہے ہیں، انھیں اس کی کھلی اجازت ہے،یہ لوگ سچائی کی سیاست کو ناکام بنانے اور اس میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کرکے صرف اپنے مقدمات سے نجات چاہتے ہیں،عمران خان کو اللہ نے عزت دی وہ مینار پاکستان سے اوپر گئے
اپوزیشن مینار پاکستان سے نیچے جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن شوق سے اسلام آباد آئے، ہم نے بھی یہاں 126دن کا دھرنا دیا تھا لیکن کچھ نہیں نکلا، ملک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی اور ملک میں قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملکی سرحدوں سے کسی قسم کاخطرہ نہیں، اندر سے خطرہ ہے، ملک میں غیر ملکی فنڈنگ کی جارہی ہے تاکہ ملک میں اندر سے انتشار پھیلایا جائے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ لوگ سچائی کی سیاست میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں، یہ کہتے ہیں عمران خان سے بات نہیں ہوسکتی تو دل کے اندر کی بات باہر لائیں کہ پھر کس سے بات کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم چوں چوں کا مربہ ہے، یہ صرف لوٹی ہوئی دولت بچانا چاہتے ہیں اور کیسز سے نجات چاہتے ہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ 13 دسمبر کے بعد عمران خان کے لیے خوشخبریاں ہیں، حکومت کے لیے بہتری اور ان کے لیے ناکامی ہے، جبکہ یہ اسی طرح کی سیاست کرتے رہے تو عمران خان اگلے انتخابات بھی جیتیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ مجھے کوئی ٹاسک نہیں ملا، اپنی ذمہ داریوں کا پتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نواز شریف کو واپس لانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔وزیراعظم کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے نئی ذمہ داری دی ہے۔
شیخ رشید

شیئر کریں

Top