اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو فریال تالپور کیخلاف نااہلی کیس کی سماعت سے روک دیا

Faryal-Talpur.jpg

عدالت نے ای سی پی اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا، حکم امتناع جاری
اسلام آباد(آئی این پی ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو فریال تالپور کیخلاف نااہلی کیس کی سماعت سے روک دیا۔ عدالت نے ای سی پی اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے حکم امتناع جاری کیا۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے درخواست میں موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نااہلی کیس کی بحالی کی درخواست پر ہمیں سنا ہی نہیں، الیکشن کمیشن میں ہمیں سنے بغیر نااہلی کیس بحال کیا، پی ٹی آئی ایم پی اے ارسلان تاج اور رابعہ افضل نے فریال تالپور کی نااہلی درخواست دائر کر رکھی ہے، ایم پی اے ارسلان تاج، رابعہ افضل کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے نااہلی کیس کھول دیا، دونوں ایم پی ایز کی عدم پیری پر خود الیکشن کمیشن بھی پہلے درخواست خارج کر چکا تھا۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ 8 فروری کو دوبارہ درخواست آنے پر الیکشن کمیشن نے کیس دوبارہ کھول دیا، عدالت سے استدعا ہے الیکشن کمیشن کو 8 فروری کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر کارروائی سے روکا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28 مئی تک ملتوی کر دی۔

شیئر کریں

Top