سکردومیں پو لیس اورضلعی انتظامیہ کامشترکہ فلیگ مارچ

g4-2.jpg

سکردو(بادشمال نیوز)ضلعی انتظامیہ سکردو کی جانب محرم الحرام میں امن و امان کو قائم رکھنے کے لئے فلیگ مارچ کا انعقاد کیا ، فلیگ مارچ کی قیادت ڈپٹی کمشنر سکردو حافظ کریم داد چغتائی نے کی۔ فلیگ مارچ میں ضلعی انتظامیہ و دیگر اداروں کے آفیسران، مجسٹریٹس، ڈسٹرکٹ پولیس، گلگت بلتستان سکاٹس اور دیگر تمام متعلقہ محکموں نے شرکت کی۔ فلیگ مارچ کا آغاز ڈسٹرکٹ پولیس لائن سے ہوا جو کہ شب عاشور اور عاشورہ محرم کے جلوس کے راستوں اور سکردو شہر کے مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے واپس ڈسٹرکٹ پولیس لائن سکردو میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکردو نے کہا کہ ہر سال کی نسبت اس سال سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، شب عاشور، عاشورہ اور محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں۔ شب عاشور اور عاشورہ کے دن عزاداروں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرینگے، اور عزاداروں کے جان و مال کی تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔علاوہ ازیں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سکردو و گمبہ اور اے ایس پی کے ہمراہ گمبہ سکردو میں مجالس، جلوس کی سکیورٹی، روٹس کی صفائی ستھرائی، بجلی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور آج برآمد ہونے والے جلوس امام خمینی لائبریری گمبہ تا امام بارگاہ عارف آباد جلوس روٹس پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔ اور موقع پر موجود مجسٹریٹس اور پولیس آفیسران کو ہدایات دی کہ جلوس کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

شیئر کریں

Top