بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی،اپیکس کمیٹی

2020-12-03_11_34_24_cd9d0-1.jpg

گلگت(پ ر)وزیر اعلی گلگت بلتستان کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی جی بی کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں کمانڈر ایف سی این اے، چیف سیکرٹری اور آئی جی پی، ہوم سیکرٹری اور ایم آئی، آئی ایس آئی اور آئی بی کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔گلگت میں فائرنگ کے افسوس ناک واقعے کے بعد اپیکس کمیٹی جی بی کا اجلاس میں شرکا نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔اجلاس کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی کہ چوک یادگار کے قریب جھگڑے کا مقامی واقعہ فائرنگ کی شکل اختیار کر گیا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شرپسندوں کو فوری طور پر پکڑا جائے گا اور انصاف فراہم کیا جائے گا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ شرپسندوں کو اس واقعے کو فرقہ وارانہ بدامنی پھیلانے کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جی بی کے امن کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس میں جی بی کے شہریوں سے درخواست کی گئی کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر اعتبار نہ کریں اور جعلی خبروں پر بھروسہ نہ کریں۔سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کو گرفتار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔ کمیٹی نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور جی بی کے شہریوں کو پرامن رہنے کی رہنمائی میں اپنا کردار ادا کریں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گلگت میں کل تمام بازار بند رہیں گے۔گلگت بلتستان کے دیگر حصوں میں حکومتی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ محرم کے اس مقدس مہینے میں کسی بھی قسم کی کشیدگی کو روکیں۔

شیئر کریں

Top