حکومت غریبوں کو مارنے پر تلی ہوئی ہے ۔ مہنگائی ،بے روزگاری، بدامنی اورمایوسی کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی،امیرالعظیم

logo.png

لاہور:سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہاہے کہ حکومت نے غربت ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر جب سے آئی ہے غریبوں کو مارنے پر تلی ہوئی ہے ۔

مہنگائی ،بے روزگاری، بدامنی اور مایوسی کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ۔ عام آدمی کے لیے دو وقت کے کھانے کا انتظام کرنا مشکل ہوگیاہے ۔ دال ، سبزی اور آٹا بھی لوگوں کی پہنچ سے باہر ہوچکاہے ۔اگر حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری کو کم کرنے کی طرف توجہ نہ دی تو عوام زیادہ دیر ان بے حس حکمرانوں کو برداشت نہیں کریں گے ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تربیت گاہ سے نائب امیر جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز نے بھی خطاب کیا ۔ امیر العظیم نے کہاکہ آئی ایم ایف کی غلامی میں حکومت تمام حدیں پار کر گئی ہے ۔ آئی ایم ایف نے اب ایسٹ انڈیا کمپنی کے اختیارات سنبھال لیے ہیں ۔

آئی ایم ایف کے حکم پر چینی ، گھی اور گیس و تیل کی قیمتیں مقرر کی جاتی ہیں ۔ حکومت غریبوں کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کے حوالے کر رہی ہے لیکن عوام کی چیخیں اور فریاد یں بنی گالہ کے شہنشاہ تک نہیں پہنچ رہیں ۔ حکومت کی پالیسی کی وجہ سے غریب کے لیے سانس لینا بھی دشوار ہوگیاہے ۔

شیئر کریں

Top