زمان پارک میں پھر گرینڈ آپریشن کی تیاری، پنجاب میں پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن شروع

123-786.jpg

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زمان پارک میں رہائش گاہ کے باہر ہنگامہ آرائی کے بعد پنجاب پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی فہرست تیار کرلی اور کارکنان کی پکڑ دھکڑ شروع کردی جبکہ آج علی الصباح زمان پارک میں گرینڈ آپریشن کا بھی امکان ہے جس کی تیاری شروع کردی گئی۔

پی ٹی آئی کے 100 سے زائد رہنماؤں کو گرفتار کرنے کے لیے لسٹیں تیار ہیں۔ حکومت کے زرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے یہ عہدیدار اور کارکن ہنگامہ آرائی میں ملوث ہیں۔ فہرست میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، حماد اظہر اور پنجاب کی صدر یاسمین راشد سمیت دیگر کے نام ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ مذکورہ رہنما ہنگامہ آرائی میں ملوث پی ٹی آئی کارکنان کی حوصلہ افزائی اور پارٹی کو فنانسنگ فراہم کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فہرستوں میں مطلوبہ افراد کے تمام کوائف موجود ہیں، مطلوب کارکنان کو اے اور بی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ جس کے تحت اے کیٹگری والوں کو پہلے گرفتار کیا جائے گا۔
اُدھر لاہور پولیس نے فہرست جاری ہونے کے بعد پی ٹی آئی قائدین اور کارکنوں کی گرفتاری کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا۔ جس کی سربراہی اور نگرانی ڈویژنل ایس پی کررہے ہیں۔ آخری اطلاع کے مطابق پولیس نے متعدد افراد کے گھروں اور ڈیروں پر چھاپے مارے ہیں جہاں سے گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں مگر پولیس نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
پولیس افسران کو ایک بار پھر پی ٹی آئی قائدین اور کارکنان کے خلاف دوبارہ بھرپور کریک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی، جس کے بعد سابق چئیرمین اوورسیز پاکستانی کمشن ڈسٹرکٹ لاہور علی نوید بھٹی کے گھر اسلام پورہ میں چھاپہ مارا گیا جبکہ گلشن راوی میں سابق ناظم سعید خان کے گھر بھی پولیس نے چھاپہ مارا۔ علاوہ ازیں رائیونڈ کے علاقے سے پی ٹی آئی رہنما فیصل الہی گرفتار کیا گیا۔

شیئر کریں

Top