مریم نواز کی باتوں پر تو اب ان کے بچے بھی ہنستے ہیں، فواد چوہدری

1234-63.jpg

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز کی باتوں پر تو اب ان کے بچے بھی ہنستے ہیں، حکومت جانے کے لیے اپوزیشن کو پانچ چھ سال انتظار کرنا پڑے گا۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا مریم نواز کی باتوں پر تو اب ان کے بچے بھی ہنستے ہیں، نیب قوانین، عدالتی اصلاحات جیسے معاملات پر اپوزیشن سے بات کرنا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن پہلے دن سے اس انتظار میں ہے کہ چھ مہینے بعد حکومت چلی جائے گی حالاں کہ اس کے لیے اپوزیشن کو پانچ چھ سال مزید انتظار کرنا پڑے گا۔کورونا وائرس کی نئی لہر اومی کرون پر انہوں نے کہا کہ اومی کرون کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جو کہ تشویش ناک ہے، اسکولوں کے بچے اومی کرون سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، کورونا مریضوں کی آئی سی یو منتقلی میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم ویکسین لگوانے والوں پر اومی کرون کا اثر کم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اب تک 2 ارب ڈالر کی ویکسین درآمد کر چکے ہیں، ویکسی نیشن میں سندھ سب سے پیچھے ہے شاید اسی لیے کراچی میں اومی کرون کے کیسز نظر آ رہے ہیں۔یوریا کھاد پر فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے مقابلے عالمی مارکیٹ میں یوریا کھاد کی قیمت 6 فیصد زیادہ ہے، ملک کے زیادہ تر علاقوں میں کھاد میسر ہے۔دریں اثنا کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر نے شرکا کو ملک میں اومی کورون کے پھیلا کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بتایا گیا کہ موجودہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 5000 یومیہ، ہوسپٹلائزیشن ریٹ 2.5 گنا اور آئی سی یو ریٹ میں 30 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔کابینہ نے اومی کرون سے بچا کے لیے ایس او پیز، ماسک کے استعمال اور ویکسی نیشن مکمل کرنے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا تاہم کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کرے گی جس سے کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچے۔

شیئر کریں

Top